وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف گہری سازش کی جا رہی ہے جس میں بانیٔ پی ٹی آئی کا بڑا کردار ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی لڑائی سیاسی پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ سے نہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاریخی دھاندلی کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی کو وزیرِ اعظم بنایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 1 ارب روپے بانیٔ پی ٹی آئی نے بنی گالا سے دفتر جانے کے لیے ہیلی کاپٹر میں استعمال کیے، ان کے پاس سازشی ٹولہ ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا کی دہشت گرد جماعت ہے، جس نے جھوٹے پروپیگنڈے کرائے، پی ٹی آئی کے بدمعاشوں کا رویہ قابلِ مذمت ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں تھا، آر ٹی ایس کو بند کر کے بانیٔ پی ٹی آئی کو وزیرِ اعظم بنا کر مسلط کیا گیا، انہوں نے ایمانداری کا ماسک لگایا ہوا تھا، بانیٔ پی ٹی آئی نے بھارت اور اسرائیلی کے پیسے سیاست میں استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے جنرل باجوہ کو کہا تھا کہ تاحیات توسیع دینے کو تیار ہوں، انہوں نے جنرل باجوہ اور ادارے کے خلاف سازش شروع کی، بانیٔ پی ٹی آئی کا مقصد تھا کہ میری مدد نہیں کرو گے تو عوام میں متنازع بناؤں گا۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹرولز نے اداروں، افراد اور فیملیز کی ٹرولنگ کی، پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کے ذہنوں میں زہر گھولا، پی ٹی آئی کے ارکان نے پارلیمنٹ میں شرمناک رویہ اختیار کیا، گالم گلوچ کی۔
ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اداروں کو بلیک میل کر رہےہیں، ان کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیسز ہیں، الزام لگایا جا رہا ہے کہ بیوی کو زہر دیا گیا، جبکہ میڈیکل رپورٹس کچھ اور بتا رہی ہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ایک سزا یافتہ ملزم جیل بیٹھ کر ٹکٹیں بانٹ رہا ہے، بانیٔ پی ٹی آئی انتخابات کے لیے جیل میں بیٹھ کر امیدوار چن رہے ہیں، وزیرِ اعلیٰ سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا ان لوگوں نے عالمی اداروں کو فنڈنگ بند کرنے کے لیے خط نہیں لکھے، پی ٹی آئی نے کیا قربانیاں دی ہیں؟ کیا ظلم ہوا ہے ان پر؟ ہم نہیں چاہتے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی بہنیں جیل میں ہوں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی جیل میں کوئی صعوبتیں برداشت نہیں کر رہے، کیا جیل میں کسی اور قیدی کو سہولتیں دستیاب ہیں؟بشریٰ بی بی بنی گالا میں ہاؤس اریسٹ ہیں، وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی مخلص نہیں، اس ملک میں پلانٹڈ ہیں، وہ اقتدار کی ہوس میں پاکستان کی امداد بند کرا رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی کو میڈیا ہیرو بنا رہا ہے، میڈیا نوجوانوں کو حقیقت بتائے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ آصف زرداری نے 14 سال جیل کاٹی، ملک مخالف بیان نہیں دیا، پیپلز پارٹی آزاد عدلیہ کی سب سے بڑی حامی ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ججز کو خط لکھنے کو خیال کیسے آیا؟