• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی: مغوی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر کی لاش مل گئی، ملزمان گرفتار

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

راولپنڈی میں اغواء ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی لاش سرائے خربوزہ سے ملی ہے، پولیس نے واردات میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر رحمت اللّٰہ خان کو 12 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا۔

ملزمان نے اسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر کو قتل کرکے لاش سرائے خربوزہ میں دفن کردی تھی، مقتول رحمت اللّٰہ خان کو تھانہ آر اے بازار کے علاقے کمال آباد سے اغواء کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق رحمت اللّٰہ خان عید کے تیسرے روز دوستوں سے ملنے نکلا تھا، واپس گھر نہیں لوٹا۔

اغواء کاروں نے سرکاری افسر کی رہائی کےلیے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا، رحمت اللّٰہ خان کے اغواء کا مقدمہ 12 اپریل کو درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ سرکاری افسر کے اغواء اور قتل میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔ 

ملزمان کی شناخت وحید گل، صادق، محمد بہادر اور عبداللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر لاش کو تلاش کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان مقتول کے دوست تھے اور ملزم صادق مقتول کا مالک مکان بھی تھا۔

قومی خبریں سے مزید