کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں 2 لاکھ ٹن کے قریب کچرا پڑا ہوا ہے جس کو ٹھکانے لگانے کے لئے صفائی مہم کے دوران مختلف اداروں کی مشینری ، وسائل اور افرادی قوت کام کررہی ہے ۔یہ بات انہوں نے جناح روڈ پر نالے کی صفائی کے موقع پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ،اس موقع پر انور لہڑی ، سعد اللہ کاکڑ ، حضرت خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے کہاکہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالحکومت ہے اس کی خوبصورتی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانا حکومت اور اداروں کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور پی ڈی ایم اے کے توسط سے دستیاب مشینری اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر میں موجود 82 میں سے 15 نالوں کی صفائی کرکے 200 ٹن کچرا ٹھکانے لگایا جاچکا ہے ،ان نالوں کی گزشتہ کئی سال سے صفائی نہ ہونے اور متعلقہ محکموں کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے بند نالوں کے باعث بارشوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی تھی ،نالوں کی بندش میں شہری اور تاجر بھی شامل ہیں جو گھروں اور دکانوں کا کچرا کوڑا دانوں میں پھینکنے کی بجائے نالیوں اور نالوں میں پھینکتے ہیں جن سے نالیاں بند ہوجاتی ہیں ،جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا تھا ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری صفائی کی مہم کا مقصد شہر کو صاف کرنا ہے۔کوئٹہ کے 82 میں سے 15 نالے صاف کردیئے گئے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہرکی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے پلاسٹک بیگز پر مستقل بنیادوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔