پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار شہزاد نواز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جیو نیوز کا خوبصورت و مقبول لوگو ڈیزائن کیا ہے۔
اداکار شہزاد نواز نے اپنی فنی صلاحیتوں سے ہر ایک کو اپنا گرویدہ بنا دیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں سمیت مختلف موضوعات کے حوالے سے گفتگو کی۔
گرافک ڈیزائننگ کے شعبے سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے اداکار شہزاد نواز سے میزبان تابش ہاشمی نے سوال کیا کہ سنا ہے کہ آپ نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور گرافک ڈیزائنر کیا اور مختلف چینلز کے لوگو ڈیزائن کئے، غالباً جیو نیوز کا نیلا اور نارنجی رنگ کا لوگو بھی آپ نے ڈیزائن کیا ہے؟
میزبان کے سوال پر اداکار شہزاد نواز نے بتایا کہ ہاں میں نے ہی اس کا لوگو اور خبروں سے قبل بجنے والی دھن تخلیق کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جیو نیوز کی اسکرین لُک بھی ان کا ہی خیال تھا، انہوں نے ہی اس کا تصور پیش کیا تھا کہ جیوز نیوز اسکرین پر کس طرح ظاہر ہوگا۔
یاد رہے کہ 2002 میں جب جیو نیوز لانچ کیا گیا تو جس چیز نے سب کی توجہ حاصل کی وہ اس کا نارنجی اور نیلے رنگ کے امتزاج کے ساتھ درمیان میں حرف ’ج‘، والا اس کا لوگو تھا، جو گزشتہ 22 برسوں میں اس کی پہچان بن گیا ہے۔