معروف صنعتکار عارف حبیب نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے جو بات کی وہی بات آرمی چیف سے بھی کہی تھی، آرمی چیف نے جواب دیا تھا کہ تمام جماعتیں ساتھ ہیں، ایک ہی جماعت مخالف سمت میں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران عارف حبیب نے نے کہا کہ آرمی چیف کو بھی میٹنگ میں کہا تھا کہ پولیٹیکل پولرائزیشن کی وجہ سے ملک کو نقصان ہورہا ہے، جسے ختم ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو کہا کہ سیاسی پولرائزیشن کے خاتمے کےلیے اقدامات کرنے چاہئیں، جس پر آرمی چیف نے کہا کہ پولرائزیشن ویسی نہیں جیسی آپ دیکھ رہے ہیں۔
عارف حبیب نے یہ بھی کہا کہ سیاسی پولرائزیشن پر آرمی چیف نے جواب دیا تھا کہ تمام جماعتیں ساتھ ہیں، ایک ہی جماعت مخالف سمت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میں بہت اہلیت ہے، اُنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات حل کیے، اتحادی جماعتوں اور نواز شریف کے معاملات حل کیے۔
معروف صنعت کار اور ماہر معیشت نے کہا کہ شہباز شریف میں کچھ تو ہے، جس کی وجہ سے وہ تمام معاملات حل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے فون پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، لیکن اُنہوں نے نہیں سُنا۔
معروف صنعت کار نے کہا کہ بختاور بھٹو کی شادی کے وقت بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ آصف زرداری صاحب کو فون کرکے مبارک باد دیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جب کورونا ہوا تھا تو بانی پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ ان کو بھی فون کریں، بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا تھا کہ میں نے ٹوئٹ کردیا ہے۔
عارف حبیب نے کہا کہ آصف زرداری کو فون کرنے کی میری بات پر بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ آپ وہ بات کریں جو میں کرسکتا ہوں۔