وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس سے غرض نہیں ہونی چاہیے کہ کس صوبے میں کس کی حکومت ہے۔ ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر پاکستان کے مفاد کےلیے اکٹھے ہوجائیں، ہم سب کو مل کر مسائل کا حل نکالنا ہے۔
معروف تاجر عارف حبیب نے وزیراعظم کو بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے اور بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کی تجویز دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 5سال کا تہیہ کرلیں کہ برآمدات کو دُگنا کریں گے، چیلنجوں کو سمجھیں کہ انہیں کس طرح حل کرنا ہے، پاکستان کا کھویا ہوا مقام کس طرح واپس لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ دوستانہ گفتگو ہوئی، آپ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات کو چیلنج سمجھ کر مواقعوں میں تبدیل کرنے والی زندہ قومیں ہوتی ہیں، ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کس کی حکومت کہاں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تہیہ کرلیں 5 سال میں ایکسپورٹ کو دوگنا کریں گے، سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے، کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم کسی پر الزام تراشی نہیں کرسکتے، اپنے گریبان میں جھانکنا ہے، ہمیں بزنس کمیونٹی کی ضرورت ہے، آپ آگےبڑھیں، پاکستان ترقی کی دوڑ میں پیچھےرہ گیا ہے، اسے آگے لے کر جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ پر ریونیو نہیں مل رہا، اس کے خاتمے میں وقت لگے گا، اس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تاجر برادری کے جائز مطالبات پورے کریں گے، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھی ہے، ہماری توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہیے۔
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ارکان سے خطاب میں وفاقی اور صوبائی وزرا کو مل کر کام کرنے کی ہدایت دی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر ِاعظم شہباز شریف سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
صوبہ کے انتظامی امور، امن و امان، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور کاروباری برادری کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔