پاک ایران تعقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے، پاکستان اور ایران نے دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کے خلاف ہاتھ ملا لیے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران باہمی سیکیورٹی معاہدے پر کام جاری ہے، لائزون افسران کی تقرری پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے مشترکہ تعاون بہتر بنایا جا رہا ہے، دونوں ملکوں نے سرحد پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں شروع کردیں۔
دونوں ممالک نے پاک ایران سرحد پر انسداد دہشت گردی کےلیے اپنے لائزون افسران کی تقرری کردی۔ رواں ہفتے پاکستان اور ایران کے لائزون افسران اپنا اپنا چارج سنبھالیں گے۔
پاکستانی لائزون افسر پاک فوج، ایرانی لائزون افسر پاسدران انقلاب اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں۔ دونوں افسران اپنی اپنی فوج میں کرنل رینک کے ہیں۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے لائزون افسر زاہدان ایران میں تعینات ہوں گے جبکہ ایرانی آئی آر جی سی کے لائزون افسر تربت بلوچستان میں تعینات ہوں گے۔ افسران کی تقرری کا فیصلہ ایرانی وزیر خارجہ کے 29 جنوری کے دورہ پاکستان میں کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردی کے خلاف تعاون کے فروغ کےلیے دونوں ممالک سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کریں گے، پاک ایران سیکیورٹی معاہدے کو حتمی شکل دینے کےلیے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کام کر رہی ہیں۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے ممالک کے خلاف سرگرم دہشتگرد تنظیموں پر پابندی زیر غور ہے۔ معاہدے میں انسداد دہشت گردی پر انٹیلی جنس تبادلہ اور باہمی معاونت بھی شامل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک چین ایران باہمی انسداد دہشت گردی مذاکرات بھی جلد ہوں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی کا آنے والے مہینوں میں ایران کا اہم دورہ متوقع ہے۔