بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی اداکار دھرمیندرا کے ساتھ بہت اچھی دوستی تھی۔
گزشتہ برس دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دھرمیندرا اور دلیپ کمار کی کچھ یادگار تصاویر شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں دھرمیندرا اور دلیپ کمار ایک دوسرے سے گلے ملتے بھی نظر آ رہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیشپن میں بتایا کہ 1952ء میں، دھرم جی فلم ’شہید‘ کو دیکھنے کے بعد پنجاب کے شہر لُدھیانہ سے ممبئی دلیپ صاحب سے آئے جن کی اداکاری نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا تھا۔
سائرہ بانو نے لکھا کہ’خوش قسمتی سے ممبئی میں وہ دلیپ صاحب کا گھر تلاش کرنے اور اس میں داخل ہونے میں کامیاب بھی ہوگئے تھے لیکن جیسے ہی وہ کمرے میں داخل ہونے لگے تو سامنے صوفے پر دلیپ صاحب کوسوتے ہوئے دیکھ کر رُک گئے اور پھر جب اچانک دلیپ صاحب بیدار ہوئے اور اپنے عملے کو بلایا تو دھرم جی فوراََ نیچے کی طرف بھاگ گئے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ اس واقعے کے 6 سال بعد دھرم جی فلم فیئر کے ٹیلنٹ مقابلے کے لیے ممبئی آئے اور اس بار اُنہوں نے دلیپ صاحب سے ان کی بہن فریدہ کی مدد سے ملاقات کی۔
سائرہ بانو نے لکھا کہ اس ملاقات کے دوران دلیپ صاحب نے دھرم جی کے ساتھ بالکل بڑے بھائی جیسا سلوک کیا۔
اُنہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ’مجھے یاد ہے سنی دیول کی ڈیبیو فلم ’بیتاب‘ کی ریلیز سے ایک رات پہلے، آدھی رات کو دھرم جی ہمارے گھر پہنچے اور سیدھا دلیپ صاحب سے ملنے اوپر چلے گئے۔
سائرہ بانو نے مزید لکھا کہ’دھرم جی نے سنی دیول کی بڑی بڑی تصویروں کو دلیپ صاحب کو دِکھانے کے لیے پھیلایا اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ اس فلم میں ہیروئن امرتا سنگھ ہیں‘۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ دھرم جی کی پوری بات سننے کے بعد دلیپ صاحب نے ان کی بہت حوصلہ افزائی کی۔