• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوکار جیلی رول نے ڈوین جانسن کی ذہنی تناؤ سے نکلنے میں کیسے مدد کی؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

ہالی ووڈ کے معروف اداکار و سابق ریسلر ڈوین جانسن نے انکشاف کیا ہے گلوکار جیلی رول نے ذہنی تناؤ سے نکلنے میں ان کی مدد کی۔

ڈوین جانسن نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار جیلی رول سے ہونے والی پہلی ملاقات کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ جیلی رول اور میں تقریباََ 10 سال سے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں، ہم نے ضرورت کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا لیکن ہماری کبھی ایک دوسرے سے ملاقات نہیں ہوئی۔

اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ 2017ء میں جب میں بہت مشکل سے گزر رہا تھا۔ میری ذہنی صحت بہت بری طرح متاثر تھی۔

اُنہوں نے لکھا کہ آپ میں سے بہت سے لوگ جانتے ہی ہوں گے کہ انسان ذہنی طور پر ٹھیک نہ بھی ہو تو بھی اسے کام کرنا پڑتا ہے، دوسروں کے سامنے اپنے چہرے پر مسکراہٹ لانی پڑتی ہے اور مشکل وقت سے گزرنا ہوتا ہے۔

ڈوین جانسن نے مزید لکھا کہ شاید یہ عمل صحت کے لیے اچھا نہیں ہے لیکن میں اس وقت اسی طرح سے زندگی گزار رہا تھا لیکن پھر ایک صبح میں نے گانوں کی ایک پلے لسٹ سننا شروع کردی جس میں گلوکار جیلی رول کا گانا ’اونلی(Only)‘ بھی شامل تھا۔

اُنہوں نے لکھا کہ اس گانے کی دھن نے مجھے ہلا کر رکھ دیا، اس گانے نے مجھے اتنا متاثر کیا کہ میں نے جیلی رول سے رابطہ کیا اور بتایا کہ آپ مجھے نہیں جانتے اور میں آپ کو نہیں جانتا لیکن آپ کے گانے نے میری ذہنی تناؤ سے نکلنے میں مدد کی اس لیے میں نے صرف آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کال کی۔

واضح رہے کہ گلوکار جیلی رول کا سپر ہٹ گانا ’اونلی(Only)‘ 2017ء میں ریلیز ہوا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید