• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں سے واشک کا رابطہ منقطع،خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ،ٹرانسپورٹرز/قبائلی رہنماء

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ماشکیل کے ٹرانسپورٹرز و قبائلی رہنماؤں سردار زادہ صابر ریکی اور محمد اعظم ریکی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ واشک سے منقطع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے خوراک کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ،نوکنڈی ، ماشکیل زیر تعمیر روڈ کا کام تین سال بعد بھی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر میر عارف ریکی ، حاجی اشرف ریکی ، میر منصور ریکی ، ڈسٹرکٹ ممبر محمد ہاشم ریکی ، ظہور احمد دہانی ، عبداللہ دہانی و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے زمینی رابطے منقطع ہونے سے ایک جانب عوام کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے تو دوسری جانب علاقے میں اشیاء خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ سب تحصیل ماشکیل جو ایران بارڈر پر واقع ہے، زیرو پوائنٹ ماشکیل بند ہونے کی وجہ سے بارڈر ٹریڈ سے وابستہ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، بارڈر ٹریڈ سے وابستہ تاجر سالانہ حکومت کو کروڑوں روپے ٹیکس دیتے ہیں لیکن گزشتہ پانچ سال سے زیرو پوائنٹ بند ہے اس کو کھول کر لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے ۔
کوئٹہ سے مزید