کوئٹہ (پ ر)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت وزیر خارجہ حسین امیر‘ مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی‘ صوبہ تبریز کے امام محمد علی الہاشم کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے ٹیلی فون پر بات کی اور المناک حادثہ پر تعزیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام ایک سچے لیڈر سے محروم ہو گیا ۔ صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ تمام پاکستانی دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں ۔ سینیٹر ثمینہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے سے ایران سمیت تمام امت مسلمہ کاناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ۔ ہیلی کاپٹر ہارڈ لینڈنگ کے دوران حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانیوں میں بھی مقبول عام تھے۔ انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی شفیق اورعالم اسلام کی ہر دلعزیز شخصیت تھے ۔ابراہیم رئیسی کی ایران کے لئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔