کوئٹہ(پ ر)صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر شہادت پر دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر عالم اسلام رنجیدہ ہے۔انہوں نے ابراہیم رئیسی کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیر‘ مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی‘ صوبہ تبریز کے امام محمد علی الہاشم کی شہادت پر بھی اپنے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے ٹیلی فون پر بات کی اور المناک حادثہ پر تعزیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کی عالم اسلام کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، تمام پاکستانی دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ ہیں ۔ صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ودیگر حکام سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ ایران سمیت تمام امت مسلمہ کے لئے ایک بڑا دھچکہ اورنتہائی افسوسناک ہے جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے ۔ انہوں نے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔