• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل واوڈا، محسن نقویٰ کا تعلق جس قبیلے سے ہے وہ ہمارے ہاتھ مضبوط کرتا ہے، رانا ثناءاللّٰہ

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا اور محسن نقوی کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے جو ہمارے ہاتھ مضبوط کرتا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو غلط طریقے سے پارٹی قیادت سے الگ کیا گیا تھا، پارٹی میں یہ سوچ موجود ہے کہ وہ فیصلے ختم ہوگئے نواز شریف دوبارہ پارٹی صدر بنیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ حکومت فارمیشن کے مرحلے میں ہے کابینہ اب تک مکمل نہیں، آنے والے دنوں میں وفاقی کابینہ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم کے پاس کوئی ایکسٹرا پاور نہیں ہوتی، یہ بات ٹھیک ہے کہ نائب وزیراعظم کے پاورز الگ سے آئین میں درج نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے یہ بھی کہا کہ عہدہ سے صرف یہ واضح کرنا ہوتا ہے کہ یہ دیگر میں سینیئر ہیں، اسحاق ڈار وزیر خزانہ نہیں بنے تو یہ بات ختم نہیں ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو فیصلے 2017ء اور 2018ء میں ہوئے کیا عدلیہ کے اندر سے پریشر نہیں تھا؟ عدلیہ کو پہلے خود مضبوط ہونا پڑے گا پھر دباؤ کا سامنا کیا جاسکتا ہے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی دونوں ہمارے اتحادی ہیں، ان کی ملاقات سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے اپنے قبیلے کا نام آزاد قبیلہ رکھا ہے، تو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے، میری معلومات کے مطابق واوڈا کو ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ووٹ دیا تھا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ آزاد قبیلے نے پہلے بھی ہمارے دونوں اتحادیوں کو اکٹھا کیا تھا، بہتر ہے کہ اگر وہ کراچی پر دونوں جماعتوں کے اختلاف میں کمی لانے میں کامیاب ہوجائیں تو وفاق کےلیے آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کی کم سے کم اجرت اس کا حق ہے ملنا چاہیے، فیکٹری کی حد تک کم سے کم اجرت پر کافی حد تک عمل ہوجاتا ہے۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ مزدور یونین کا متحرک کردار کم سے کم اجرت میں ملنے میں بہتری لاسکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید