• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپتالوں کی صورتحال ‘ ذمہ دار پالیسی بنانیوالے افسران ہیں‘ وائی ڈی اے

کوئٹہ(پ ر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے بیان میں کہاہے کہ پورے بلوچستان کے ہسپتال زبوں حالی کا شکار ہیں جس کی بنیادی وجہ وہ پالیسی بنانے والے افسران ہیں جو عارضی بنیادوں پر مسائل حل کرنے کے اقدامات کو مستقل حل سمجھتے ہیں۔ وائی ڈی اے بلوچستان عارضی بنیادوں پر تقرریوں کے مروجہ عمل کی مخالفت مسیحاؤں کے عظیم پیشے کی تذلیل سمجھتی ہے بلکہ اِس کو حکومت کا ڈاکٹروں کی مشکلات میں اضافے کی سازش سمجھتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات اور سنجیدگی کا اندازہ اس نکتے سے لگایا جائے کہ صوبے میں ہزاروں کی تعداد میں بے روزگار لیڈی ڈاکٹرز ہونے کے باجود زچگی کے دوران فوت ہونے والی خواتین کی فہرست میں بلوچستان پہلے نمبر پر ہے، کوئٹہ کے گردونواح سے لیکر دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ صوبے میں موجود بے روزگار ڈاکٹرز کی افرادی قوت كو مستقل بنیادوں پر منتخب کرنے اور سہولیات مہیا کرنے سے مسائل میں واضح کمی آسکتی ہے۔ وائی ڈی اے بلوچستان عوام کو ریلیف دینے کے لئے بے روزگار ڈاکٹرز کو مستقل ملازمتیں فراہم کرنے کے اصولی موقف سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے مستقل حل کے لئے آبادی کے متناسب ڈاکٹرز کی نئی اسامیوں کی تخلیق کرنے کے بعد بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مستقل بنیادوں پر ڈاکٹروں کی تقرری وقت کی اشد ضرورت ہے، اس سے نہ صرف عوام کو سہولیات مہیا ہوسکیں گی بلکہ بے روزگار ڈاکٹرز بھی برسرروزگار ہوکر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ صوبے کی ترقی میں بھی مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔ بیان میں وزیراعلیٰ ، وزیر صحت، سیکرٹری صحت ودیگر حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ سنگین مسائل کےحل کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں،نئی اسامیاں تخلیق کرنے کے بعد بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مستقل بنیادوں پر ڈاکٹروں کی تقرری کے لئے اقدامات کئے جائیں۔مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹرز کے حقوق کا حصول اور دفاع کرنا جانتے ہیں ۔مطالبات پورے نہ ہوئے تو فیصلے دفتروں کی بجائے سڑکوں پر ہونگے جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید