کراچی(آئی این پی ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے )نے حج آپریشن کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کا آغاز 9مئی سے 10جون تک جاری رہے گا، 34ہزار عازمین کو 170پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔19ہزار سرکاری حج اسکیم اور 15ہزار پرائیویٹ عازمین پی آئی اے سے سفر کریں گے۔ ترجمان پی آئی اے کا بتانا ہے کہ اسلام آباد، کراچی سمیت 8 شہروں سے جدہ مدینہ کے لیے براہ راست پروازیں آپریٹ ہوں گی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق رواں سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا، عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے۔علاوہ ازیں پی ائی اے نے حجاج کی آگاہی کیلئے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلیکیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے۔حجاج کرام ٹکٹ بنواتے وقت اپنے پوبائیل نمبرز کا ضروری اندراج کروائیں تاکہ ان کو ان کی پرواز سے متعلق بروقت معلومات میسر رہے ۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تمام حجاج کرام سے استدعا ہے کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کریں۔