• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی میں قدرتی اشیاء سے مہنگے فیشل جیسے نتائج حاصل کریں

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

مرد ہوں یا خواتین، وہ چاہے عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں انہیں اپنی جلد کی حفاظت کرنی چاہیے۔

جس طرح موسمِ سرما میں ہمیں اپنی جلد کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح موسمِ گرما میں بھی جلد کو نظر انداز نہیں کرنا چاہے۔

گرمیوں کے آتے ہی جلدی مسائل بھی تواتر سے پیش آتے ہیں۔

بیشتر افراد کو گرمیوں میں جلد چکنی اور زرد ہونے کی شکایت رہتی ہے۔

جلد پر چکنائی کی زیادتی کے سبب مسام بڑے ہو جاتے ہیں جس کے باعث ان میں تيل جم جاتا ہے جو بليک ہيڈز، دانوں، داغ دھبوں اور پھوڑے پھنسیوں کا باعث بھی بنتا ہے۔

اس لیے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے انہیں چاہیے کہ کلینزنگ کو اپنا معمول بنا لیں تاکہ مسام چکنائی سے پاک رہیں۔

جلد کا خیال رکھنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ مہنگے بیوٹی پارلرز کا ہی رخ کریں بلکہ کچن میں استعمال ہونے والی چند قدرتی اشیاء سے بھی آپ اپنی جلد کا خیال رکھ سکتے اور مہنگے فیشل جیسے نتائج بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

کلینزنگ کے لیے ٹماٹر:

ترو تازہ جلد کے لیے آپ ٹماٹر سے اپنے چہرے کی کلینزنگ کر سکتے ہیں۔

ٹماٹر میں وٹامن سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو جلد سے داغ دھبے دور کرنے اور قدرتی چمک لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

کلینزنگ کے لیے ٹماٹر کا چھلکا اتار لیں اور اس کے بیج نکال کر اس کی پیوری بنا لیں، اب اس میں ایک چمچ خشک دودھ ملا لیں پھر اس آمیزے سے اپنے چہرے، گردن اور ہاتھ پاؤں کی اچھی طرح کلینزنگ کر لیں۔

اسکربنگ کے لیے خشخاش:

اسکربنگ کے لیے رات بھر بھیگی ہوئی خشخاش کو پیس لیں، ہم وزن پسی ہوئی خشخاش اور چینی لیں پھر اس میں حسبِ ضرورت ٹماٹر کا رس شامل کر لیں، قدرتی اجزاء پر مشتمل اسکرب تیار ہے، اب اس سے اپنے چہرے، گردن، ہاتھ اور پاؤں کی اچھی طرح اسکربنگ کیجیے۔

اگر آپ کے پاس بھیگی ہوئی خشخاش موجود نہیں ہے تو آپ اسکربنگ کے لیے کافی کا بھی استعمال کر سکتی ہیں، 1 چمچ کافی، 1 چمچ موٹی پسی ہوئی چینی، 4 لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنا لیں۔

اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں اور آہستہ آہستہ اسکربنگ کریں، چہرے پر اس وقت تک اسکربنگ کریں جب تک چینی کے ذرات اچھی طرح تحلیل نہ ہو جائیں، چینی کے ذرات تحلیل ہو جانے کے بعد چہرہ پانی سے دھو لیں۔ 

مساج کریم:

مساج کرنے کے لیے پیالے میں 2 چمچ دہی، 2 چمچ خشک دودھ اور 2 چمچ ٹماٹو پیوری ملائیں اور اس سے اپنے چہرے، گردن، ہاتھ اور پاؤں کا اچھی طرح مساج کریں، یہ مرکب دھوپ کے سبب مرجھائی ہوئی جلد میں نکھار پیدا کرے گا۔

ماسک کے لیے ایلوویرا:

قدرتی اشیاء سے تیار کردہ اس فیشل میں کا اخری اسٹیپ ماسک ہے، اس کے لیے 1 چمچ ایلوویرا جیل میں اسپغول کی بھوسی 1 چمچ اور 1 چمچ ٹماٹو پیوری ملا کر ماسک تیار کر لیں، اسے چہرے پر لگائیں، ماسک جب خشک ہو جائے تو چہرہ پانی سے دھو لیں۔

اس کے بعد عرقِ گلاب کا اسپرے کر لیں، اس طرح ان گرمیوں میں دھوپ کے سبب جلد کو پہنچنے والے نقصان سے آپ با آسانی نمٹ سکیں گی۔

صحت سے مزید