غذائی قلت (Malnutrition) سے لوگ مختلف ذہنی و جسمانی مسائل جیسے پست قامت، عمر کے لحاظ سے وزن، آئرن، وٹامن، کیلشیئم، آیوڈین اور زنک وغیرہ کی کمی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
بچوں اور خواتین میں یہ مسائل زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں۔ آئرن ایک معدنی شے ہے اور ہر شخص کے جسم کو اپنا کام کرنے اور ہیموگلوبن بنانے کے لیے اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہیموگلوبن خون میں موجود سرخ خلیات اور آکسیجن کو جسم کے دوسرے حصوں میں پہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔
ہمارے جسم کے ہر حصے کو اپنا کام کرنے کے لیے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اگر جسم میں آئرن کی کمی ہو جائے تو خون کی کمی کی شکایت ہوسکتی ہیں، جسے طبی زبان میں انیمیا کہا جاتا ہے۔
خون کی کمی کے مسئلے کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جسم کے خلیوں کو صحیح مقدار میں آکسیجن نہیں پہنچ رہی، جس کی وجہ سے رنگ پیلا ہو جاتا ہے اور انسان اپنے آپ کو کمزور، تھکا ہوا اور چڑچڑا محسوس کرتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق جسم میں خون کی کمی کا شکار خواتین کو ہفتے میں دو سے تین بار سرخ گوشت لازمی اپنی خوراک کا حصہ بنانا چاہیے کیونکہ اس میں ہیم (Haem) فولاد موجود ہوتی ہے۔
آئیے جسم میں آئرن کی کمی کی علامات کے بارے میں بات کرتے ہیں، جو زیادہ سنگین عارضے سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔
آئرن کی کمی کی علامات میں شدید تھکاوٹ یا کمزوری، دل کی بے ترتیب دھڑکن، سانس لینے میں دشواری، سر درد یا سر چکرانا، ہاتھ پیر ٹھنڈے ہو جانا، زرد جِلد، منہ اور زبان کی سوجن، ناخنوں کا بُھربُھرا پن، بالوں اور جِلد کو نقصان وغیرہ شامل ہیں۔
آدھا کپ سیب کے جوس میں آدھا کپ چقندر کا جوس مکس کریں۔ پھر اس میں ایک سے دو چمچ شہد ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور دن میں دو دفعہ استعمال کریں۔
اپنی خوراک میں پالک اور سبزیوں کا سلاد شامل کریں۔ اس میں دھنیا، بروکلی اور ترکاری وغیرہ ڈالیں۔
آدھا کپ پالک کو ایک کپ پانی میں ابال کر سوپ تیار کر لیں۔ اس کا ذائقہ بڑھانے کے لیے اس میں تھوڑا سا گرم مسالہ ڈال لیں اور دن میں 2 دفعہ استعمال کریں۔
درمیانے سائز کے انار کو اپنی غذا میں شامل رکھیں۔ اس کے علاوہ ناشتے میں اس کا جوس بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
1 کپ دودھ میں 2 خشک کھجوریں رات بھر کے لیے بھگو کر رکھ دیں اور صبح کھجوریں کھا لیں۔ دودھ کی جگہ گرم پانی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کشمش کو رات بھر کے لیے پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح انہیں شہد کے ساتھ کھائیں۔ شہد میں بھی آئرن کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے۔
پھلیاں خاص طور پر سرخ لوبیا، سبز پھلیاں اور چنے وغیرہ میں بھی آئرن کی اچھی مقدار پائی جاتی ہے۔
بادام، پستے اور اخروٹ میں بھی آئرن کی اچھی مقدار ہوتی ہے۔ آدھا کپ اخروٹ کی گری میں 3.75 گرام آئرن ہوتا ہے۔