لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والے سب سے بڑے گینگ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن سے کروڑوں روپے کی منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔
اس حوالے سے وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ملزمان فیک آئی ڈی کے ذریعے پاکستان میں موجود سپلائرز سے رابطہ کر کے منشیات مہیا کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گینگ لاہور میں منشیات سپلائی کرنے والا پراسرار اور بااثر گینگ سمجھاجاتا ہے، میکسیکو اور دیگر ممالک سے منشیات سے بھری امپورٹڈ چاکلیٹ کوریئر سے بیچ رہے تھے، ملزم محمد ایوب پاکستان میں مختلف ذرائع سے منشیات سپلائی کر رہا تھا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گینگ کے محمد علی، عزیز، محمد ندیم، ثمینہ افتخار، ثناء اور فاطمہ زہریٰ کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس افسران نے آئی ٹی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا، ڈی ایچ اے فیز 6 میں گینگ کے پانچ رکن اور 9 گن مین پکڑے گئے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلوا کر شاباش دی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو سراہا اور محنت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔