پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی سے متعلق عوام کو وضاحت دے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نے قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی جلدبازی میں قائم کی، جس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایجنسی ایسے وقت بنائی گئی جب ڈیجیٹل حقوق اوررازداری ریاست کو درپیش اہم مسائل ہیں، اس اقدام سے عوام کی شخصی آزادی کی خلاف ورزی ہوگی۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی ڈیجیٹل حقوق کی تنظیموں کواعتماد میں لیے بغیر قائم کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی آئی ٹی سیکٹر اور عوام کو اعتماد میں لیے بغیر قائم کی گئی، ادارے کے قیام کے ایک ہفتے بعد بھی حکومت نے عوام کو اس سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا۔
رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ بتایا نہیں گیا قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی ایسا کیاحاصل کرے گی، جو ایف آئی اے نے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی غیر واضح مینڈیٹ کے ساتھ زیادہ نگرانی اور ڈیٹا حاصل کرے گی، اس سے عوام کی شخصی آزادی کی خلاف ورزی ہوگی۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی سےمتعلق عوام کو وضاحت دے، عوام کو یقین دہانی کرائی جائے قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی سوشل میڈیا کی پولیسنگ نہیں کرے گی۔