وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی کمپنیوں کے وفد کا دورۂ پاکستان دونوں ملکوں کےلیے مفید ہوگا، سعودی کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، سعودی انویسٹرزکادورہ کامیاب بنانےکیلیےجنرل عاصم منیر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سعودی سرمایہ کاروں کے اعزاز میں عشائیے سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کے آخری ہفتے میں دورہ سعودی عرب میں ولی عہد سے ملاقات ہوئی، سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے، سعودی عرب ملازمت کے مواقع کیلئے اہم ملکوں میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی انویسٹرز کا دورہ کامیاب بنانے کیلئے جنرل عاصم منیر کا خصوصاً شکر گزار ہوں، انہوں نے سعودی دورہ کامیاب بنانے کیلئے قابل ذکر سپورٹ اور انتھک محنت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار، پالیسی سازوں کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب 7 دہائیوں سے پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے، اس کی پاکستان کیلئے فیاضی بے مثال ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی کمپنیوں کے وفد کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے لیے مفید ثابت ہوگا، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کےلیے اہم خدمات انجام دے رہی ہے، سعودی کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر مشکور ہیں، ان کی فراخ دلی کو سراہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کے لیے تیار ہیں۔