• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ لوگ میرے اور انوار الحق کاکڑ کیخلاف گندم انکوائری کے خواہشمند ہیں، محسن نقوی


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی بڑی خواہش ہے کہ میرے اور انوارالحق کاکڑ صاحب کے خلاف گندم کی انکوائری ہو۔

کوئٹہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ میرے اور انوار الحق کاکڑ کے خلاف گندم کی انکوائری کے خواہشمند ہیں۔

اس پر سابق نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دور میں گندم کا جو فیصلہ ہوا وہ اس کی پوری ذمے داری لیتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ میں نے گندم معاملہ کبھی صوبوں اور کسی پر نہیں ڈالا، اٹھارویں ترمیم کے بعد گندم کی خریداری کا ڈیٹا صوبے اکٹھا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں جب فیصلہ ہوا تو میں فوڈ سیکیورٹی وزارت کا انچارج تھا، دراصل قانونی چیز کو غیر قانونی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

سابق نگراں وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملک میں امپورٹ پالیسی ایس آر او قانون کے تحت ہوتی ہے، جو پی ٹی آئی حکومت میں جاری ہوا تھا، اس موضوع پر کوئی صحت مندانہ بحث نہیں کرنا چاہ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ افغانستان سے پاسپورٹ کے بغیر کوئی آمد و رفت نہیں ہوگی، ہمیں سافٹ اسٹیٹ سے ہارڈ اسٹیٹ بننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے افغانستان سے آنے جانے کےلیے پاسپورٹ کی شرط لازمی قرار دی ہے، چمن میں پاسپورٹ آفس کھول دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہری ملوث پائے گئے ہیں، ہم کسی بھی ملک جاتے ہیں تو پاسپورٹ ضروری ہوتا ہے، افغانستان سے آنے والوں کیلئے بھی پاسپورٹ ضروری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورے کے دوران بگٹی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، اس موقع پر سرفراز بگٹی اور انوار الحق کاکڑ اُن کے ہمراہ تھے۔

محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ یہاں فلڈ لائٹ لگائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں کرکٹ گراؤنڈ آنے کی دعوت دی، پی ایس ایل میں بلوچستان کی شرکت کا معاملہ بھی دیکھ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں گوادر اور کوئٹہ میں انٹرنیشنل کرکٹ آئے۔

اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کرنے پر مشکور ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا ہے، گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس سے متعلق دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہوا۔

قومی خبریں سے مزید