• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کیلئے ملٹری گریڈ ہتھیاروں کی اجازت مل گئی، مراد علی شاہ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کےلیے ملٹری گریڈ ہتھیاروں کی اجازت مل گئی ہے۔

سکھر میں پریس کانفرنس اور لاڑکانہ میں کارکنوں سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس نے کچے کے آپریشن میں پنجاب پولیس کی پوری مدد کی ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کچے کے آپریشن میں مطلوب ڈاکو مارے گئے ہیں جبکہ ہمیں کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کےلیے ملٹری گریڈ ہتھیاروں کی اپروول مل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 برس میں سندھ کا کوئی علاقہ پینے کے صاف پانی سے محروم نہیں رہے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت پر آپ سے مسائل سننے ہم سب یہاں آئے ہیں، سندھ حکومت کارکنوں کی اسکیموں کو ترجیح دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یونین کونسل سطح تک آپ کے مسائل سن رہے ہیں، آپ نے در در جاکر پارٹی کےلیے ووٹ لیا ہے، اب آپ لوگ ان کےلیے فلاحی منصوبوں پر کام کریں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ اپنے مسائل ضلعی قیادت کے ذریعے ہم تک پہنچا سکتے ہیں، گزشتہ برسات کے مسائل نشاہدی کے بعد حل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21 لاکھ گھر بنانے ہیں اس وقت 6 لاکھ گھر تیار ہوچکے ہیں، سندھ حکومت سولر اسکیم کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این ایف سی کی حفاظت آئین میں موجود ہے، آئین کے مطابق صوبوں کو ملنے والی رقم پچھلے سالوں سے کم نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ جرائم کے اعداد و شمار دیکھ لیں کہ کیا صورتحال تھی، کراچی جرائم کے حوالے سے چھٹا خطرناک شہر تھا۔ ہم خود کو بری الزمہ نہیں کررہے لیکن امن و امان میں بہت بہتری آگئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمپنیوں کا بہت زیادہ ظلم ہے، ہم نے 77 ارب روپے سے زائد بلنگ ختم کرائی تھی، یہ بات مانتے ہیں کہ بجلی کے حوالے سے عوام پر بہت ظلم ہورہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید