وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان اقتصادی اصلاحات پر اعلیٰ سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ورلڈ بینک کے طویل المدتی شراکت داری پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے دستخطی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق نئے پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت سالانہ جائزے اور اقتصادی اصلاحات کے منصوبوں پر کام ہو گا۔
اعلامیہ کے مطابق اس میں اقتصادی اصلاحات، توانائی اور زرعی مواقع کو بڑھانے کے منصوبے شامل ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور کی ورلڈ بینک کے صدر برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات ہوئی۔
وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک پاکستان میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر آمادہ ہے۔ پاکستان اور ورلڈ بینک مختلف ترقیاتی شعبوں میں شراکت داری مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کی حمایت اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ورلڈ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان کے اقتصادی بحالی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اقتصادی امور احمد چیمہ نے کہا پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کے نئے مالیاتی اختیارات پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق ورلڈ بینک نے نجی شعبوں کی شمولیت کے مطالبے پر زور دیا۔ موسمیاتی تبدیلی، توانائی، پانی اور بہتر روزگار پر مشترکہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق انسانی وسائل اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور احمد چیمہ نے ورلڈ بینک کو پاکستان میں اہم اصلاحات سے آگاہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق نائب صدر ورلڈ بینک برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر نے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔