اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے، شجرکاری فروغ دینے اور گرین ہائوس گیسوں کا اخراج کم کرنا ہوگا، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی سے گلیشئرز متاثر ہو رہے ہیں، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی پانی کی قلت کا باعث بھی بن رہے ہیں ، ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے ، منفی اثرات کم کرنے کیلئے عالمی تعاون درکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل مختار بابائیف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں ہیکٹرز پر مینگرو و جنگلات لگائے ہیں، مینگرووز سے پاکستان کو کاربن کریڈٹ حاصل کرنے ، ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کیساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔