وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں ہم عالمی معاشی انقلاب لا سکتے ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاک سعودیہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کی ترقی و خوشحالی میں شراکت دار ہیں، دورہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات مثبت رہی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سعودیہ سمیت دیگر شراکت داروں سے جامع بات کی، میرے دورۂ سعودی عرب کے بعد سعودی وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ پاکستان آئے، سعودی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی جو نتیجہ خیز رہی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی پیدوار بڑھا سکتے ہیں، آئی ٹی کے شعبے میں سعودی عرب نے نمایاں خدمات انجام دیں، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان سعودی عرب کے تجربات سے فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاک سعودیہ مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دیں گے، تربیت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی ہنر مند سعودی عرب میں کام کر سکیں گے، پاکستانی ہنرمند ریونیو پاکستان بھجیں گے تو معیشت بہتر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کویت، قطر، یو اے ای اور ترکیہ بھی آئی ٹی وسرمایہ کاری شعبوں میں پارٹنر بن سکتے ہیں، چین ہمار اعظیم دوست ہے وہ بھی اس میں پارٹنر بن سکتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے، اس وقت ہماری تمام توجہ معیشت کی بہتری پر ہے، معیشت کی بہتری کے لیے اصلاحات اور بنیادی نظام کی تبدیلی کے لیے پُرعزم ہیں، مختلف شعبوں میں اصلاحات کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، شہباز اسپیڈ اب پاکستان اسپیڈ ہے۔