پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ آئر لینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، آخری گیند تک فائٹ کریں، مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔
ڈبلن میں محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی، 2 گھنٹے طویل ملاقات میں حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، پی سی بی چیئرمین نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی اور کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جدید و نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہو گی، کمرے میں بیٹھ کر حکمتِ عملی بنائی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں، بولنگ اٹیک شاندار ہے، فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں، آئر لینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈ کپ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فتح کے لیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے، 11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کے لیے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو ہرا دیا تھا جبکہ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج شیڈول ہے۔