صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بات چیت سے مسائل حل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے پی پی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔
پی پی وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔
دوران گفتگو صدر مملکت نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور پولیس اہلکار کی افسوس ناک ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر آصف زرداری نے حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحتیابی کےلیے دعا کی اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل سے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مطالبات قانون کے مطابق پورے کیے جائیں صحت، تعلیم، سیاحت اور انفرا اسٹرکچر سمیت آزاد کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز آزاد کشمیر کے مسائل بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد کشمیر کے عوام کو ذمے داری سے کام لینا چاہیے۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کےلیے آزاد کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیراعظم پاکستان سے بات کروں گا۔
اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات صدر مملکت نے دور دراز کے علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔