• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک کا خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں ایدھی فائونڈیشن کیلئے اراضی دینے کا اعلان

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم عبد الستار ایدھی مرحوم کے نام سے کئی یاد گاریں منسوب کرائیں گے  ہم پہلے ہی مختلف اضلاع کو ہدایات جاری کر چکے ہیں کہ ایدھی فائونڈیشن کی سرگرمیوں کووسعت دینے اور اسے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں انہوں نے چھ اضلاع میں ایدھی فائونڈیشن کیلئے زمین کی فراہمی کا اعلان کیایہ بات انہوں نے عبد الستار ایدھی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے کراچی جا کر اُن کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے اُن کے اہلخانہ سے تعزیت کرنے اور بعدازاں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مشتاق احمد غنی ، پی ٹی آئی کے مقامی ایم این اے ڈاکٹر عارف علوی ،مقامی ممبران اسمبلی اور مقامی لیڈر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے ایک وفد کی شکل میں عظیم سماجی لیڈر عبد الستار ایدھی مرحوم کی وفات پر اُن کی روح کے ایصال ثواب کیلئے یہاں حاضر ہوئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایدھی فائونڈیشن کو نہ صرف سماجی سرگرمیوں کیلئے اُن کی ضرورت کے مطابق زمین دی جائے گی بلکہ صوبائی حکومت دیکھے گی کہ ہم عظیم سماجی لیڈر کو کس طرح شاندار انداز میں خراج عقیدت اور اُس کی شخصیت کی مناسبت سے کیا خدمت کر سکتے ہیں ہم وہ سب کچھ کریں گے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایدھی فائونڈیشن بہترین آرگنائزیشن اور سماجی سرگرمیوں کا بہترین پلیٹ فارم ہے ہم عبد الستار ایدھی مرحوم کی فیملی کی مشاورت سے آگے قدم بڑھائیں گے وزیراعلیٰ نے پاکستانی قوم کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ وہ جب کسی پر اعتماد کرتے ہیں تو دل کھول کر کرتے ہیں اور چندہ اور وسائل فراہم کرتے ہیں ملک میں متعدد تنظیمیں ہیں جو ایدھی جتنی مشہور تو نہیں تاہم معاشرے میں سماجی خدمات کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آفریں ہے پاکستانی قوم پر کہ اُن جیسا بشردوست قوم نہیں اور پاکستان میں یہ جتنی بھی تنظیمیں سماجی سرگرمیوں میں سرگرم عمل ہیں یہ چیئرٹی اور چندوں پر چل رہی ہیں میں پاکستانی قوم کو سلوٹ کرتا ہوں کہ اس کے مقابلے میں خیراتی اداروں کو چلانے اور اُن کو چندے دینے میں اس کا کوئی ثانی نہیں انہوں نے کہاکہ ہم کالجز ، روڈز ، یونیورسٹیز عبد الستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم یہ ایدھی صاحب کی فیملی کی خواہشات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی ہم فیصل ایدھی کے ساتھ ملکر اس کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ 
تازہ ترین