• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ویمن کو تیسرے ٹی20 میں بھی شکست، سیریز 0-3 سے انگلینڈ کے نام


تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 34 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت لی۔

میچ میں انگلش ٹیم نے 176رنز اسکور کیے، ڈین ویٹ نے 87رنز کی اننگز کھیلی، پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 4  وکٹ پر 142رنز تک پہنچ سکی، عالیہ ریاض نے 35 اور گل فیروزہ نے 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔

لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ وویمن کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 176 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ہوم ٹیم کی جانب سے ڈینی ویٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 87 رنز بنائے، اُنہوں نے یہ اسکور 48 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اسکور کیا۔ دوسری نمایاں بیٹر 26 رنز بنانے والی ایمی جونز تھیں۔

 پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 26 اور کپتان ندا ڈار نے 45 رنز کے عوض تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی بیٹرز گل فیروزہ اور سدرہ امین نے ٹیم کو 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سدرہ امین 26 اور گل فیروزہ 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

منیبہ علی اور صدف شمس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رُک سکیں، کپتان ندا ڈار اور تجربہ کا ر آل راؤنڈر عالیہ ریاض بھی کوشش کے باوجود ٹیم کو ہدف تک نہ پہنچا سکیں۔

 پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 142 رنز بنا سکی۔ عالیہ ریاض 35 اور کپتان ندا ڈار 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔

 انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید