ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرچ ٹیمیں ایرانی صدر کے تباہ ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہے کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا ہے، تاہم اس دعوے کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔
ترکیے کے ڈرون کی تپش کے ایک ماخذ کی نشاندہی
علاوہ ازیں ترکیے کے ڈرون نے تپش کے ایک ماخذ کی نشاندہی کی ہے جو ممکنہ طور پر ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ہو سکتا ہے۔
مشتبہ جگہ تبریز شہر سے 100 کلومیٹر دور ہے، ڈرون کی نشاندہی کے بعد 73 امدادی ٹیمیں ممکنہ حادثے کی جگہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم
ادھر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تمام مسافروں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔