• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

21 تا 27 مئی پنجاب میں درجہ حرارت 47 سے 48 ڈگری تک محسوس کیا جائے گا، مہر صاحبزاد خان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان نے کہا ہے کہ 21 تا 27 مئی پنجاب میں درجہ حرارت 47 سے 48 ڈگری تک محسوس کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس سال اپریل کا مہینہ نارمل گزرا ہے، اس سال اپریل میں 40 سے زیادہ درجہ حرارت نہیں گیا۔

ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ مئی میں گرمی کی شدید لہر شروع ہوچکی ہے، ٹمپریچر نارمل درجہ حرارت سے تجاوز کر جائے تو ہیٹ ویو آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ درجہ حرارت مسلسل 3 روز تک رہے تو ہیٹ ویو کہا جاسکتا ہے، ہیٹ ویو سے زمین کا ٹمپریچر بھی بڑھ جاتا ہے، ہمارے گرین ایریاز کم ہو رہے ہیں، بلڈنگز کی تعداد زیادہ ہوگئی ہے۔

مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے سر ڈھانپنا اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے،  بیمار افراد ہیٹ ویو میں زیادہ احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب سے ماحولیاتی تبدیلیاں آئی ہیں رات کا درجہ حرارت بھی بڑھ گیا ہے، پنجاب کے جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت بڑھا ہے، گرمیوں میں آج کل دن کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ دوپہر 12 سے 3 کے درمیان درجہ حرارت بڑھے گا، گرمی میں پاور سیکٹر زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت سے متعلق پاور سیکٹر سے ہم رابطے میں رہتے ہیں، ماضی میں اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری تک گیا ہے، اس سال بھی 40 سے اوپر درجہ حرارت جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپریل میں بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ پہنچا ہے، جون کے دوسرے مہینے سے پری مون سون شروع ہوسکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید