• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کی فائنلسٹ کل پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کی فائنلسٹ ٹیمیں کل پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل ہوں گی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

چار میچوں کی سیریز کے بقیہ تین میچز میں دوسرا 25 مئی کو ایجبسٹن برمنگھم، 28 مئی کو کارڈف اور 30 مئی کو دی اوول لندن میں ہوگا۔

سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے روانہ ہوں گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کا فائنل تھا۔ میلبرن میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے تھی جس میں سیم کرن 12 رنز کے عوض 3 وکٹوں کی کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔

گزشتہ ہفتے ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز دو ایک سے جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم ہیڈنگلے میں مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں شاہین آفریدی پلیئر آف دی سیریز رہے تھے جبکہ دونوں کامیابیوں میں محمد رضوان اور شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ نے 19 میچز جیتے ہیں، پاکستان 9 میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز انگلینڈ نے چار تین سے اپنے نام کی تھی۔

پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے 19 مئی کو اپنے دو سالہ دور کی پہلی اسائنمنٹ کےلیے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم جو 46 فتوحات کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کامیاب کپتان ہیں، کہتے ہیں مجھے یقین ہے کہ پاکستان آئرلینڈ کی سیریز سے جیت کے مومینٹم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلن میں ہماری دو ایک کی فتح نے ہمارے بیٹرز اور بولرز کی صلاحیتوں کو ظاہر کیا، ساتھ ہی ہمیں سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا کیونکہ ہم اپنے شعبوں میں بہتری کےلیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ہیڈنگلے میں اہم ٹریننگ سیشنز کیے ہیں اور ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی اب اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں اور اب ہماری پوری توجہ اس سیریز اور اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید