وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ گورننس کے ذریعے مہنگائی میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا پہلا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
وزیرِ اعظم نے اقتصادی پالیسیوں، اصلاحات میں معاشی ماہرین اور نجی شعبے سے مشاورت کو کلیدی اہمیت دینے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے سے بہتر ہے، ملکی معاشی ترقی کےلیے نجی شعبے کو سہولت فراہمی کے مشن پر کام کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے۔ گورننس کے ذریعے مہنگائی میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کاروباری برادری کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا عکاس ہے۔ آئندہ بجٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو مزید سہولیتیں فراہم کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ عام آدمی پر ٹیکس کی شرح کم کر کے ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھائیں گے۔ ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کےلیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کےلیے معیاری بیج اور وقت پر کھاد فراہم کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار ضائع ہونے سے بچانے کےلیے درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کو فروغ دیں گے۔
وزیرِاعظم نے بیرونی سرمایہ کاروں کےلیے پاکستانی ویزہ کے حصول میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کردی۔