پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بچوں نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیلی کمپنی کے ٹی وی کمرشل میں کام کرنے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔
جویریہ سعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بچوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میرے بچوں نے اسرائیلی کمپنی کے ٹی وی کمرشل میں اداکاری کرنے سے انکار کر دیا یہاں تک کہ بچوں نے ہمیں بھی اس ٹی وی کمرشل کی شوٹنگ نہ کروانے کے لیے قائل کیا جو ترکیہ میں ہونی تھی۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ بچے اسرائیل کی حمایت کرنے والی کمپنی کے ساتھ کام کرکے اپنی اخلاقی اقدار سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔
جویریہ سعود نے لکھا کہ میری بیٹی جنت اور بیٹے ابراہیم کا کہنا ہے کہ اگر ہم موجودہ حالات میں اور کچھ نہیں بھی کر سکتے تو کم از کم اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کا بائیکاٹ کر کے اپنا تھوڑا سا کردار تو ادا کر ہی سکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ مجھے اپنے بچوں کی یہ بات سن کر قرآن پاک کی سورۃ الفیل کا ترجمہ یاد آگیا، اللّٰہ سب کو ایسی ایماندار اور اصول پسند اولاد سے نوازے،آمین۔