اقتصادی رابطہ کمیٹی نے داسو ڈیم پر دہشت گردی میں ہلاک چینی شہریوں کیلئے پیکیج کے تحت حملہ کے چینی متاثرین کے لیے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر معاوضہ کی منظوری دے دی۔
داسو ڈیم پر کام کرنے والے 6 چینی باشندے 26 مارچ کو دہشت گرد حملے میں ہلاک ہوئے تھے، جن کے لواحقین کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ رقوم ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے اخراجات کے لیے 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
روز ویلٹ ہوٹل کی 2020 میں بندش کے بعد سے نیشنل بینک سے 15 کروڑ ڈالر کا قرض لیا جا چکا ہے۔ ایرا کیلئے ایک ارب 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ پاکستان اسٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔
ایجنڈے کے مطابق وزارت داخلہ اور اسلام آباد کی انتظامیہ کیلئے ضمنی 12 ارب پانچ کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ جس میں متعدی امراض سے بچاؤ کے وفاقی پروگرام کے لیے 12 ارب روپے سے زائد کی منظوری شامل ہے۔
پاور ڈویژن کےلیے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 2 ارب 21 کروڑ روپے اور نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کے لیے 18 کروڑ 45 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔