وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی کامیابی نے ناقدین کے منہ بند کر دیے ہیں، صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کےلیے غیر ملکی فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزراء اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری فروغ کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا، شرکاء نے ایپکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔
ایس آئی ایف سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دورہ یو اے ای انتہائی کامیاب رہا، یو اے ای کی قیادت نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مختص کر دیے، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی، معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کےحوالے سے افسران مل کر کام کررہے ہیں، ایس آئی ایف سی نے قانونی شکل اختیار کی تو خدشات کا اظہار کیا گیا، وقت گزرنے کے ساتھ ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں نے ناقدین کا منہ بند کیا، ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، صوبائی حکومتیں اس پر اعتماد کرتی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای سے جو اعلانات ہوئے اس پر سب یکسو ہیں، اپنے اہداف کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روکھی سوکھی ہے ہم نے بانٹ کر کھانی ہے، کانٹوں سے گزرنا ہوگا کوئی جادو ٹونا ساتھ نہیں دے گا۔