وزیراعظم شہباز شریف کا ناروے کے وزیراعظم سے فون پر رابطہ ہوا ہے، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے ناروے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو غزہ اور رفح میں گھناؤنے اقدامات روکنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دو ریاستی حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا بہترین راستہ ہے۔ ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کا یہ فیصلہ جرات مندانہ اور اصولی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے فیصلہ دوسرے ممالک کو فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کی ترغیب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے عالمی برادری کشمیریوں کی حالت زار پر بھی اسی طرح توجہ دے گی، کشمیری 76 سال سے وحشیانہ قبضے اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ناروے کے اپنے ہم منصب جوناس گہراسٹور سے پاک ناروے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے بات چیت کے دوران دوطرفہ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی تعریف کرنے پر ناروے کے وزیراعظم کا مشکور ہوں، ناروے میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے جوناس گہراسٹور کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔