پشاور کے علاقے حسن خیل میں شہید ہونے والے کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللّٰہ شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ اطلاعات کی بنیاد پر خیبر پختون خوا کے ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کر کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا، آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر کا تعلق رحیم یار خان سے جبکہ 36 سالہ حوالدار شفیق اللّٰہ کا تعلق کرک سے تھا۔
شہداءکی نمازِ جنازہ گزشتہ روز ہی پشاور گیریژن میں ادا کی گئی تھی جس میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے افسران، سول حکام اور دیگر شریک ہوئے۔
نمازِ جنازہ کے بعد دونوں شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے تھے جہاں آج انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہماری قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، مسلح افواج مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔