• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیرا منڈی میں ’عالم زیب‘ کے کردار کیلئے شرمین سیگل کا انتخاب کیوں کیا گیا، وجہ سامنے آگئی

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی ڈیبیو نیٹ فلکس سیریز ’ہیرا منڈی – دی ڈائمنڈ بازار‘ میں مرکزی کردار ’عالم زیب‘ کے لیے اپنی بھانجی کا ہی انتخاب کیوں کیا، وجہ بتادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی بھانجی و اداکارہ شرمین سیگل کو ’عالم زیب‘ کے کردار کے لیے منتخب کرنے پر اُٹھنے والے تمام سوالوں کا جواب دیا۔

ہدایت کا کہنا ہے کہ ’عالم زیب‘ کے کردار کے لیے شرمین سیگل ہی بہترین انتخاب تھیں، اس میں وہ تمام خوبیاں تھی جو عالم زیب کے کردار کے لیے ضروری تھیں۔

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا سیریز میں شرمین سیگل کے چہرے کے تاثرات بالکل ویسے ہی ہیں جیسے اس کردار کی ڈیمانڈ تھی۔ اس کردار کے لیے نئے اور معصوم چہرے کی ضرورت تھی، ایک ایسا چہرہ جو طوائف بننا نہیں چاہتا، بناوٹی نہ ہو اور نہ ہی اس کا لب و لہجہ طوائف کی طرح ہو بلکہ اس کردار کے لیے ضروری تھا کہ وہ نیا اور معصوم چہرہ ہو، جو شاعری کرنا اور آزادی کی خواہش رکھتا ہو، جس کے لیے شرمین سیگل درست انتخاب ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق انہوں نے شرمین سیگل کو صرف اس لیے کاسٹ نہیں کیا کہ وہ ان کی بھانجی ہے بلکہ انہیں آڈیشنز کے مشکل مراحل سے گزرنا پڑا جس کے بعد اس کردار کے لیے ان کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سیریز میں طوائف کا کردار نبھانے والی تمام اداکارؤں کے لیے ضروری تھا کہ وہ طوائف کی دنیا کے ہر ایک پہلو کو سمجھے جس کے لیے ایک طویل مدت تک کام کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی بھانجی اور بھارتی اداکارہ شرمین سیگل کو نیٹ فلکس سیریز ہیرا منڈی میں خراب اداکاری اور بےجان تاثرات کے لیے خوب ٹرول کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اداکارہ کے انتخاب پر بھی سوال اُٹھ رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ انہیں صرف ہدایت کار کی بھانجی ہونے کی وجہ سے اس سیریز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید