میرپورخاص (نامہ نگار) شہر بھر میں گٹر اور نالیاں ابل پڑیں ،شہریوں کی بڑی تعداد گھروں تک محدود ہوکررہ گئی ہے اور اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر اور نالیوں سے گندا بدبودار پانی ابل کر سڑکوں اور گلی محلوں میں تالابوں کی شکل میں جمع اور بعض علاقوں میں گھروں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث ان علاقوں کے مکینوں کا گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہےاور وہ انتہائی تکلیف دہ صورت حال سے دوچار ہیں ،واضع رہےکہ حکومت سندھ کی عدم دلچسپی بلدیہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن ،سیا سی مداخلت ،اور سیاسی بنیادوں پرتقرریوں کے باعث سندھ کے چوتھے بڑے شہر میرپورخاص کا نکاسی آب کا انفرااسٹریکچر مکمل طور پر تباہ ہوچکاہے اور نکاسی آب کے نظام کی تباہی نے پورے شہر اور خاص طور پر ہیرآبا،تھامس آباد،نائی پاڑہ،کھار پاڑہ ،کھان روڈ، کاؤبازار ،ڈھولن آباد،سیٹلائٹ ٹاؤن ،بھان سنگھ آباد،مہاجر کالونی ،غریب آبا، گلشن کالونی اوردیگرعلاقے ایک عرصے سےآئے دن اور مسلسل گندے پانی کی لپیٹ میں رہتےہیں ایک جانب ان علاقوں کے مکین شدید تعفن اور مچھروں کی بہتات کی وجہ سے اذیت ناک صورت حال سے دوچار ہیں تودوسری جانب راہ گیروں اور موٹر سائیکل سواروں کا گزرنا مشکل ہو گیا ہے،تعفن اور گندگی کے باعث مختلف امراض بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔شہری اس تکلیف دہ صورت حال سے نجات دلانے کے لئیے ایک عرصہ سے آہ وبکا کررہے ہیں ،لیکن حکومت اور متعلقہ اداروں نے اس سے لاتعلقی اختیار کی ہوئی ہے۔