• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران کب تک عوام پر بوجھ ڈال کر جاگیرداروں کو بچاتے رہیں گے؟ حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران طبقہ آخر کب تک عوام پر بوجھ ڈال کر جاگیرداروں کو بچاتا رہے گا؟

لاہور سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نمائندے وائسرائے بن کر احکامات صادر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت ہاتھ باندھے آئی ایم ایف کے احکامات کی تعمیل میں مصروف ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نئے بیل آؤٹ پیکیج کےلیے کئی ظالمانہ شرائط لایا ہے، تمام اشیاء بشمول ادویات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانا عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال تو یہ ہے کہ حکمران طبقہ آخر کب تک عوام پر بوجھ ڈال کر جاگیرداروں کو بچاتا رہے گا؟

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل اب محفوظ انسانی زون میں فلسطینیوں کو زندہ جلا کر مار رہا ہے، سفاکیت اور درندگی کی ایسی مثالیں انسانی تاریخ میں کم ہی ملتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ رفح پر میزائلوں کی بارش میں جل کر راکھ ہوگیا، اقوام متحدہ یقیناً اپنی اس توہین پر خاموش رہنا ہی پسند کرے گی، مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک ہے۔

قومی خبریں سے مزید