• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم کے بعد نواز شریف نے مسلم لیگ کو مقبول بنایا، رانا ثناء


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کے بعد نواز شریف نے مسلم لیگ کو سب سے زیادہ مقبول اور عوامی جماعت بنایا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ن لیگ کی صدارت کے لیے کل لاہور میں  پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا، نواز شریف کے مقابلے پر 10 لوگوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، شاہد خاقان عباسی کاغذات جمع کرواسکتے ہیں۔

رانا ثناء نے کہا کہ ن لیگ سے مراد نواز شریف ہے، پارٹی مکمل طور پر نواز شریف کے نام پر متفق ہے تو کوئی اچھنبے کی بات نہیں، نواز شریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں ہيں، بلکہ متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، نواز شریف کے بعد اگر پارٹی کسی شخصیت پر متفق ہے تو وہ شہباز شریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق الیکشن کا پروسیس شروع کیا گیا، پارٹی آئین کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے الیکشن کمیشن مقرر کیا، آج صبح 9 سے 5 بجے تک کاغذات نامزدگی کا اجراء کیا گیا تھا، 11 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے ہیں، کل بھی کاغذات نامزدگی کے فارم کا اجراء ہوسکے گا، کاغذات نامزدگی فارم کل 12 بجے سے پہلے جمع کروانے ہوں گے، 1  بجے اسکروٹنی ہوگی، ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے۔

رانا ثناء نے مزید کہا کہ 3 بجے اُمیدواروں کی فائنل لسٹ جاری کر دی جائے گی، سہ پہر 3 بجے جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا، سہ پہر 4 بجے پارٹی صدر کا الیکشن ہو گا۔

چیف الیکشن کمشنر ن لیگ نے کہا کہ بشیر میمن، عرفان الحق صدیقی، اسحاق ڈار، راجا محمد فاروق نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے، حافظ حفیظ الرحمان، شاہ غلام قادر نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کیے، شاہد خاقان عباسی کاغذات جمع کرواسکتے ہیں، ان کے اہل ہونے کا فیصلہ کل اسکروٹنی میں ہوگا، پارٹی کا کوئی بھی لیڈر یا رکن الیکشن کیلئے کاغذات جمع کروانا چاہتا ہو تو کروائے۔

 رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ اگر لوگوں نے چار پانچ سال عہدوں پر کام کرلیا تو دوسروں کو بھی موقع ملنا چاہیے، حماقت بعض لوگوں کے اندر سے ہی جنم لیتی ہے، دعا گو ہوں اللّٰہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو شیخ مجیب الرحمان جیسے انجام سے بچائے، 2 سال سے متنبہ کررہا ہوں کہ یہ شخص ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔

قومی خبریں سے مزید