اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کےلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ نواز شریف کا بطور صدر مسلم لیگ ن انتخاب ملکی تعمیر و ترقی کےلیے نیک شگون ہوگا۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ نواز شریف مخلص، زیرک، بردبار اور محب وطن سیاسی رہنما ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں مسلم لیگ ن مزید فعال ہوگی، سابق وزیراعظم نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے۔ انہوں نے ملکی مفادات کی خاطر کٹھن فیصلے کیے۔
ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کا فیصلہ کیا۔
انکا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مواصلات کے شعبے نے سب سے زیادہ ترقی کی، پاکستان میں موٹرویز کے جال بچھانے کا سہرا نواز شریف کو جاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے دیگر قائدین کی کامیابیوں کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔