• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعیناتیوں میں میرٹ ہر صورت برقرار رکھاجائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

سرفراز بگٹی(فائل فوٹو)۔
سرفراز بگٹی(فائل فوٹو)۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تعیناتیوں میں میرٹ ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے ٹیسٹ کے رزلٹ کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ 

کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سینئر بیورو کریٹس پر مشتمل کمیٹی کامیاب امیدواروں کے انٹرویو کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے غیر ترقیاتی اخراجات کے بجٹ کا گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو ترقیاتی بجٹ کےلیے رقم نہیں ہوگی۔ 

سرفراز بگٹی نے کہا کہ 21 یا 22 جون کو بلوچستان کا بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ کی تیاری کے پیش نظر محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقیات کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بھرتیوں میں میرٹ ہر صورت یقینی بنائیں گے، تمام محکموں میں بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی۔ دنیا بھر میں بھرتیاں کارکردگی کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ 

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یہاں عجیب ماحول ہے کہ جو بھرتی ہوگیا وہ گریڈ 20، 21 تک جائے۔ تعلیم میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھرتیوں کےلیے رقم لینے سے متعلق شکایات ملتی ہیں، ہم نوکریاں میرٹ پر دینے کی کوشش کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر ٹیچرز کی بھرتی پر کمپرومائیز کرلیا تو نوجوان نسل کو تباہ کریں گے۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے اور بجلی دو تین گھنٹے مل رہی ہے، وزیراعظم کو بلوچستان میں بجلی کی صورتحال پر خط لکھا ہے۔ 

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان کی پریس کانفرنس کے دوران سی ایم سیکریٹریٹ کی بجلی چلی گئی۔

قومی خبریں سے مزید