وزیرِ اعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس کے دوران صوبے کے مسائل پر گفتگو ہوئی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
ملاقات کے بعد گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگومیں بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے میری پہلی ملاقات تھی، جس میں وزیرِ اعظم نے گورنر بننے کی مبارک باد دی۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختون خوا سے متعلق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، چشمہ رائٹ کینال کے لیے بھی رقم رکھنے کی سفارش کی ہے، سوئچ آن یا آف کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں 24 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز موجود نہیں ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 25 فیصد بڑھانے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات میں ملکی اور سیاسی صورتِ حال پر گفتگو ہوئی ہے، وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاق سے بات کی ہے۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کے پی کے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی بات ہوئی ہے، وزیر ِاعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہماری بات سنی۔