وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ 300 اسپیشل ایجوکیشن اسکولز کو سینٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے، ہر ضلع میں اسپیشل بچوں کے لیے سینٹر آف ایکسیلینس بنا رہے ہیں۔
لاہور میں اسپشل ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ سب بچے میرے ہیروز ہیں، یہ ہیرو کچھ نہ کچھ کمی کے ساتھ کمال کرتے ہیں، سیڑھی نہیں چڑھ سکتے لیکن اسکول آتے ہیں، سن نہیں سکتے اسکول آتے ہیں، یہ ہیں اصل ہیرو، خصوصی بچوں کے اساتذہ کو شاباش دیتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ خصوصی بچوں کو مین اسٹریم میں لانے کے لیے جو کرنا پڑا کریں گے، فنڈز جاری کر دیے ہیں، آٹزم کے لیے اسپیشل ادارہ بنائیں گے، جس کو وہیل چیئر چاہیے مجھے لکھیں، فوراً ملے گی، جلد وہیل چئیر فراہمی کا پراجیکٹ لانچ کر رہی ہوں، بچوں سے مل کر ان کی خدمت کا ارادہ سو سے ہزار فیصد بڑھ گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچے نے اشارے سے نواز شریف کے بارے میں پوچھا ہے، اس بچے کا پیغام نواز شریف کو پہنچاؤں گی۔