وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اس کے جلد نفاذ کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِاعظم کی زیر صدارت سرکاری دفاتر، اداروں میں ای آفس کے نفاذ کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر احد چیمہ، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، رانا احسان افضل اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کو ای آفس کے نظام اور اس کے نفاذ اور اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام کو ای آفس میں اصلاحات اور اس کے جلد نفاذ کی ہدایت کی اور وزارت آئی ٹی کو تمام وفاقی سرکاری دفاتر کی تمام کارروائی الیکٹرانک آفس پر منتقل کرنے کا ہدف دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ 20 برس قبل ای آفس پر کام شروع ہوا، اتنے عرصے میں اس پر مثبت پیش رفت کیوں نہ ہوئی؟ ای آفس پر منتقلی سے نظام میں شفافیت ہوگی، ملکی خزانے کے اربوں روپے بچائے جاسکیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کی نشاندہی کی جائے جنہوں نے دانستہ ای آفس کے نظام کوسست روی کا شکار رکھا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ای آفس کی ازسر نو تیاری کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی مدد لی جائے۔