• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے، پی ٹی آئی نے سیاست کو بدنام کردیا، مصدق ملک

وفاقی وزیر سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے، پی ٹی آئی نے سیاست کو بدنام کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے دوستوں کو کبھی دشمن نہیں کہا، پاکستان میں استحکام کےلیے سیاست بہت اہم ہے، مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے، مگر دوسری طرف سے قبر تک پیچھا کرنے کی بات کی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ رؤف حسن پر حملہ غیر مناسب ہے، واقعے کی تحقیق ہونی چاہیے، حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہا تھا ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آگے لے کر جائیں، ایک پارٹی کے علاوہ ہم سب کے ساتھ سیاست کررہے ہیں۔

سینیٹر مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ معیشت کو آگے بڑھانے کی بات کی، ہم تو میثاق معیشت کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اور سیاسی جماعت کو ساتھ لیکر چلنے کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ حکومت بنائیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ کن سے بات کرنا چاہتے ہیں، کہتے ہیں امریکا نے سازش کی، یہ تو امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، ٹیکس وصولی 30 فیصد بڑھی ہے، بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کےلیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبےکی ٹنل میں دوسری بار خرابی ہوئی، جس کی انکوائری شروع ہوچکی ہے، اتنے مہنگے منصوبے پر دوسری بار ایسا کیوں ہو رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید