• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب سے متاثر ہونے والے متوقع اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا: مریم اورنگزیب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے متوقع اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس وقت لوگوں کی جانیں بچانا سب سے بڑا کام ہے۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ سے زائد افراد سیلاب کے باعث متاثر ہوئے ہیں، ساڑھے 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، 5 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 400 سے زائد وٹنری کیمپس لگائے گئے، مویشیوں کے چارے کا بھی بندوبست کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کا سلسلہ بھی جاری ہے، سیلابی صورتِ حال ختم ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتِ حال ہے ، چناب میں خانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، قادرآباد میں بھی سیلاب کی صورتِ حال برقرار ہے اور رواس برج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ تریموں برج سے 3 لاکھ 61 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ بلوکی ہیڈورکس پر 2 لاکھ 82 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے جبکہ ستلج میں گنڈاسنگھ والا پر پانی کا بہاؤ انتہائی تیز ہے۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے،  متاثرہ علاقوں سے انخلاء کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تحصیل اور ضلعی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

قومی خبریں سے مزید