• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی سفری دستاویزات پر ترکی اور اسپین جانے کی کوشش، 4 مسافر گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل کے عملے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ترکی کے ویزے جعلی ہونے پر 4 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد عبداللّٰہ، عامر اقبال، ابو سفیان اور گلفام احمد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عبداللّٰہ، عامر اقبال اور ابوسفیان فلائٹ نمبر WY324 کے ذریعے وزٹ ویزے پر ترکی جا رہے تھے۔ ملزمان کے پاسپورٹ پر ترکی کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔ ملزمان کا تعلق سرگودھا، بمبر اور منڈی بہاؤالدین سے ہے۔

حکام نے بتایا کہ ملزم گلفام احمد براستہ اسپین فلائٹ نمبر QR611 کے ذریعے اندورا (یورپ) جا رہا تھا۔ ملزم کے پاسپورٹ پر اندورا کا جعلی ورک ویزا لگا ہوا تھا۔ ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والے اسپین کا ٹرانزٹ ویزا بھی جعلی نکلا،  ملزم کا تعلق گجرانوالہ سے ہے۔

ایف آئی اے حکام نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو بعدازاں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید